جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں کا تیسرا سالانہ اجلاس
روداد نگار : نعیم الرحمن ندوی کسی بھی دینی ادارے کا سالانہ جلسہ ادارے کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں سے واقف ہونے اور اس کی دعوتی و اصلاحی خدمات سے متعارف ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، جامعہ کے حاضرینِ جلسہ جامعہ کی سرگرمیوں کے بچشم خود مشاہد ہیں اور جامعہ کی کارکردگی کے بزبانِ خود معترف ہیں، اس مقصد سے کہ غائبین بھی اس سے ناواقف نہ رہیں یہ روداد پیشِ خدمت ہے۔ مؤرخہ 16/ رجب 1445 ہجری مطابق 28/ جنوری 2024ء بروز اتوار صبح 10 بجے جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں کا سالانہ جلسہ منعقد ہوا، جس میں طلبہ کا اہم ترین ثقافتی پروگرام اور تعلیمی مظاہرہ ہوا جس کی مختصر روداد حسب ذیل ہے۔ پروگرام کی نظامت جامعہ کے مؤقر استاذ مولانا محمد اطہر ندوی اور ناظر شعبۂ مکاتب مولانا ساجد خان ندوی صاحبان نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ 🌷 پروگرام کا آغاز محمد سعد (عربی اول) کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ 🌷 اس کے بعد عربی نشید "لا الٰہ الا اللہ _ ھو معبودی لیس سواہ" عربی دوم کے طلبہ حافظ محمد عفان اور ان کے ساتھیوں نے عربی لب و لہجے میں پیش کی۔ اس نشید میں عقیدۂ توحید کی بہترین ترجمانی اور دل نشین...