بزرگ عالم دین اللہ پاک کی جوار رحمت میں
شہر عزیز مالیگاؤں ہی نہیں ریاست مہاراشٹر بلکہ ملک کی مشہور و معروف شخصیت _ مولانا عبدالحمید ازہری صاحب _ اب سفر آخرت کی طرف کوچ کر جانے سے "دامت برکاتہم" سے "رحمتہ اللہ علیہ" ہوگئے۔گذشتہ شب اچانک عارضۂ قلب پیش آیا اور آپ نے داعئ اجل کو لبیک کہہ دیا۔آپ کی خدمات کا دائرہ شہری سطح سے اوپر اٹھ کر ملکی سطح تک جا پہنچتا ہے، قومی و ملی کاموں میں آپ کو برابر یاد کیا جاتا رہا ہے، ابھی کل ہی کی تو بات ہے کہ "پرسنل لاء بورڈ" کے اہم اجلاس میں علالت کے باوجود مدعو کئے جانے پر شریک رہے۔
جامعہ ابو الحسن علی ندوی کے تعمیری و تعلیمی کاموں میں بھی آپ ذاتی دلچسپی رکھتے تھے، سنگ بنیاد سے لے کر افتتاحِ جامعہ تک ہر اہم پروگرام میں بنفس نفیس شریک ہوتے رہے۔ اس جدائی کی گھڑی میں، غم و اندوہ کی ساعت میں جامعہ کے مہتمم اور اساتذہ آپ کے لئے دعا گو ہیں اور اہل خانہ کے لئے لیے تسلی کی تلقین کرتے ہیں۔
اللہ پاک آپ کی مغفرت فرمائیں، آپ کے درجات کو بلند کریں اور اہل خانہ کے ساتھ مسلمانانِ شہر اور ملک و ملت کو آپ کا نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین
جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں میں آپ کیلئے قرآن خوانی، ایصال ثواب اور دعاء مغفرت کا اہتمام بھی کیا گیا۔
شرکاء غم : مہتمم جامعہ مولانا جمال عارف ندوی، اراکین و اساتذۂ جامعہ ابو الحسن علی ندوی مالیگاؤں
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں