نئے تعلیمی سال کا پہلا ثقافتی پروگرام



جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں میں

      شوال المکرم 1444ھ کے نصفِ آخر میں جامعہ ابو الحسن کا تعلیمی و تربیتی نظام جاری ہوا وہیں ماہ شوال کے آخری ہفتے میں اردو عربی اور انگریزی زبانوں میں تقریر و خطابت حمد و نعت وغیرہ کے پندرہ روزہ ثقافتی پروگراموں کا افتتاحی و تعارفی پروگرام بھی طلبا کے مابین ہوا اور اب ماہِ ذی القعدہ میں اسکا پہلا پروگرام منعقد ہوتے ہوئے یہ اہم اور زریں سلسلہ بھی بحمد اللہ شروع ہوچکا ہے۔

      بروز جمعرات مؤرخہ ۴/ ذوالقعدہ ۱۴۴۴ھ مطابق 25/ مئی 2023ء جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں میں نئے تعلیمی سال کا پہلا ثقافتی پروگرام مہتمم جامعہ حضرت مولانا جمال عارف ندوی صاحب دامت برکاتہم کی صدارت میں ہوا۔ قدیم و جدید طلباء نے اختیاری موضوعات پر اردو زبان میں تقریریں کیں اور توقع سے بڑھ کر مظاہرہ کیا۔

تفصیلات پروگرام 
     پروگرام میں نظامت کے فرائض حافظ محمد یوسف (ممبئی، عربی دوم) نے انجام دیئے، حافظ ابو حذیفہ (خصوصی اول) کی تلاوت قرآن سے پروگرام کا آغاز ہوا اور حافظ محمد بلال (خصوصی اول) نے نعت خوانی کی، حافظ محمد جنید (عربی دوم) اور حافظ محمد زید (عربی دوم) نے تحریک اور تائیدِ صدارت پیش کیا۔

مقررین اور ان کے عناوین :
      اس بزم میں سولہ طلبہ نے حصہ لیا، اور اچھی تیاری کا مظاہرہ کیا۔
1) حافظ محمد ابراہیم (مالیگاؤں) _ عالم اسلام کی ذمہ داریاں 
2) حافظ محمد جنید (بیڑ) _ علم دین کی اہمیت
3) حافظ محمد علی (بیڑ) _ تذکرۂ نبی ﷺ
4) حافظ شیخ عادل (مالیگاؤں) _ مسلمانوں کا عروج و زوال 
5) حافظ مطیع الرحمن (مالیگاؤں) _ یوم الجمعہ 
6) حافظ محمد اسعد (مالیگاؤں) _ نوجوان ایک نشان منزل 
7) حافظ محمد حسان (مالیگاؤں) _ آپ ﷺ کیسے تھے؟ 
8) حافظ محمد ارباز (ناسک) _ حفظ قرآن کی فضیلت و اہمیت 
9) سفیان خان (ممبرا) _ حفظ قرآن کی فضیلت 
10) حافظ عبدالمعز (بیڑ) _ استاد کا ادب و احترام 
11) عبدالرحمن (ممبرا) _ وقت کی قدر کریں 
12) حافظ حسان (مالیگاؤں) _ سیرت رسول اکرمؐ 
13) حافظ محمد بلال (شیو گاؤں) _ ایک اہم دینی فریضہ 
14) حافظ اشرف علی (کولپے واڑی) _ خلافتِ راشدہ 
15حافظ عزیر (کوپر گاؤں) _ علم کی فضیلت 
16) خان انس (ممبرا) _ شہدائے اسلام

امتیازی طلبہ
     طلبہ کا پروگرام مکمل ہونے کے بعد راقم الحروف (نعیم الرحمن ندوی) نے تقاریرکا تجزیہ پیش کیا، طلبہ کو زبان و ادا کی کمزوریوں سے آگاہ کیا، آخر میں امتیازی درجات پانے والے انعام کے مستحق طلبہ کے ناموں کا اعلان ہوا۔ سولہ طلبہ میں تین طلبہ امتیازی نمبرات حاصل کرکے انعام کے حقدار قرار پائے۔

اول انعام
1) حافظ شیخ عادل (عربی اول) 
اپنے موضوع کے مناسب لب و لہجے میں تقریر کی۔
دوم انعام
2) حافظ محمد اسعد (خصوصی ثالث)
ان کی تقریر سنجیدہ خطابت کا بہترین نمونہ تھی۔
سوم انعام
3) حافظ محمد ابراہیم (عربی دوم)
انہوں نے بھی اپنے عنوان کے حسبِ حال لہجے و اسلوب کو اپنایا۔
_____________________ 

مہمان مکرم مولانا محمد حارث ندوی
     اس پروگرام میں شہر الور راجستھان سے تشریف لائے ہوئے ایک مؤقر ندوی فاضل مولانا محمد حارث ندوی صاحب بھی مہمان مکرم کی حیثیت سے موجود تھے، آپ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی اور انتھک محنت کرنے کی ترغیب دی۔ کہا کہ کالج کے ٹاپر اور اونچے مقاصد رکھنے والے طلبہ مسلسل ایک کے بعد ایک ٹارگٹ طے کرتے اور پورا کرتے جاتے ہیں، ایک کام انجام دے کر فورا دوسرے کام میں لگ جاتے ہیں، انتھک محنت کرتے ہیں، آپ بھی عظیم اور بلند مقاصد لیکر جہدِ مسلسل اور عمل پیہم میں لگ جائیں۔


خطبہ صدارت 
      اخیر میں مہتمم جامعہ حضرت مولانا جمال عارف ندوی دامت برکاتہم کا صدارتی خطاب ہوا۔ نئے تعلیمی سال کی مناسبت سے مولانا نے اپنے خطاب کے ذریعے طلبہ میں محنت کے جذبے کو ابھارا، عصرِ حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر مختلف صلاحیتیں اپنے اندر پیدا کرنے کی ترغیب دی۔ 
     آپ نے کہا کہ؛ طلبہ گوناگوں صلاحیتیں اپنے اندر پیدا کریں، عوامی جلسوں سے خطابت، ڈیبیٹ و علمی مباحثے، مضمون نویسی اور تدریسی ملکہ ساری صلاحیتیں حاصل کرنے کی خوب جدوجہد کریں۔ 
     درسی محنتوں اور مفوضہ کاموں کے ساتھ اس طرح کے ثقافتی سرگرمیوں کو بھی انجام دینے کی بھرپور کوشش کریں، ذوق و شوق سے حصہ لیں۔ آپ کے پاس بہت سے کام ہیں لیکن پھر بھی یہ مزید کام دیئے جا رہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ جو انسان بہت سے کام کرتا رہتا ہے اسی کو مزید کام دیئے جاتے ہیں اور وہ اضافی کاموں کو بھی بآسانی انجام دے لیتا ہے اور جو آدمی کوئی کام نہیں کرتا اس کو ایک کام بھی دیا جائے تو وہ نہیں کرتا۔
     آخر میں آپ نے کہا کہ طلبہ کرام " دلِ درد مند ، زبانِ ہوشمند اور فکر ارجمند کے حامل بنئے۔
آپ ہی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا

شعبہ نشر واشاعت 
جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں 

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

جامعہ ابوالحسن علی ندوی مالیگاؤں میں ثقافتی پروگرام بعنوان علم اور اہل علم کا مقام

جامعہ ابو الحسن مالیگاؤں میں سہ روزہ تربیتی اور تعارفی نشست

جامعہ ابو الحسن میں بزم خطابت کا تیسرا پروگرام بعنوان "اسلامی عبادتیں اور تہذیب نفس"