ثقافتی پروگرام (اختیاری عنوان)_جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں



ثقافتی پروگرام (اختیاری عنوان)
جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں 
روداد نگار : نعیم الرحمن ندوی

       بروز جمعرات مؤرخہ ۷/ ربیع الثانی ۱۴۴۴ھ مطابق 3/ نومبر 2022ء کو جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں میں ششماہی تعطیلات کے بعد بزم ثقافت کا پہلا پروگرام "بزم خطابت عنوان اختیاری" مہتمم جامعہ حضرت مولانا جمال عارف ندوی دامت برکاتہم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ 
       حسب سابق طلبہ جامعہ نے جوش و خروش سے بزم میں حصہ لیا، بزم کا عنوان اختیاری تھا، طلبہ نے اپنی پسند کے موضوعات پر تقاریر کیں۔

تفصیلات پروگرام :
     پروگرام میں نظامت کے فرائض حافظ محمد یوسف (عربی اول) نے انجام دیئے، حافظ محمد اسعد (خصوصی ثانی) کی تلاوت قرآن سے پروگرام کا آغاز ہوا اور حافظ محمد عفان (عربی اول) نے نعت خوانی کی، حافظ محمد نعیم (خصوصی ثالث) اور حافظ شیخ ابوبکر (خصوصی اول) نے تحریک اور تائیدِ صدارت پیش کیے۔

مقررین اور ان کے عناوین :
      اس بزم میں دس طلبہ نے حصہ لیا، اور اچھی تیاری کا مظاہرہ کیا۔
1) نور محمد مولانا خلیل احمد _ دین اسلام اور ہم 
2) حافظ محمد ابراہیم (عربی اول) ہندوستانی مسلمانوں کا حال اور مستقبل 
3) حافظ شاہ مزمل (خصوصی ثانی) رہ گئی رسم اذاں روح بلالی نہ رہے 
4) حافظ شیخ رضوان (خصوصی اول) عصر حاضر کا مزاج اور اسلوب دعوت
5) حافظ محمد انس (خصوصی اول) محاسبۂ نفس  
6) محمد سہیل عبدالستار _ جہاد
7) حافظ شیخ عزیر (خصوصی ثانی) ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں 
8) حافظ شیخ اسامہ (عربی اول) لا کہیں سے ڈھونڈ کر اسلاف کا قلب و جگر 
9) حافظ ابوبکر (خصوصی اول) معلم اعظم صلی اللہ علیہ وسلم 
10) حافظ زید (عربی اول) دعوت و تبلیغ؛ اصلاح کا بہترین ذریعہ 

امتیازی طلبہ:
     طلبہ کا پروگرام مکمل ہونے کے بعد راقم الحروف (نعیم الرحمن ندوی) نے تقاریرکا تجزیہ پیش کیا، طلبہ کی زبان و ادا کی کمزوریوں سے آگاہ کیا، آخر میں امتیازی درجات پانے والے انعام کے مستحق طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا۔ تین طلبہ امتیازی نمبرات حاصل کرکے انعام کے حقدار قرار پائے۔
1) حافظ محمد ابراہیم (عربی اول) اول انعام
2) حافظ شاہ مزمل (خصوصی ثانی) دوم انعام
3) حافظ محمد انس (خصوصی اول) سوم انعام

بزم ثقافت کے آئندہ پروگراموں کا اعلان : 
      اس کے بعد جامعہ کے شعبۂ بزمِ ثقافت کے صدر مولانا محمد اطہر ندوی ڈائس پر تشریف لائے اور اب سے امتحان سالانہ تک کے ثقافتی پروگراموں کی کی تفصیل پیش کی کہ _ اردو تقاریر کے لیے بزم خطابت کے دو پروگرام، عربی تقریروں کے لیے النادی العربی کے دو پروگرام، انگریزی تقریروں کے لیے ایک پروگرام اور تین مختلف مسابقات ہونے ہیں؛ مسابقۂ حفظِ نصوص، نعتیہ مسابقہ اور اردو اشعار کا بیت بازی کا مقابلہ 
     اسی ضمن میں جامعہ کی طرف سے چند اہم دعوتی اور اصلاحی کاموں کی تفصیلات بیان کی گئی۔
 1) جامعہ کے شعبہ دعوت و ارشاد کے زیر اہتمام جمعہ کی نماز سے قبل قرب و جوار کی مساجد میں بڑے درجے کے طلبہ کے بیانِ جمعہ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ 
 2) اسی طرح جمعرات عصر تا جمعہ عصر ؛ طلبہ کے لئے تبلیغی جماعت میں جانے کی ترتیب کا آغاز ہوا۔
 3) "پیام انسانیت" کی سرگرمیوں کو حسب سابق جاری رکھنے کی ترتیب بھی بنائی گئی۔
 ان تمام پروگراموں اور ان کی سرگرمیوں میں طلبہ کو سنجیدگی سے حصہ لینے کی تاکید کی گئیں اور ہدایتیں دی گئیں۔

خطبہ صدارت :
      اخیر میں مہتمم جامعہ حضرت مولانا جمال عارف ندوی دامت برکاتہم کا صدارتی خطاب ہوا، اپنے پیش رو مقرر کے ذریعے مسابقاتی پروگراموں کی ترتیب پیش کی گئی تھی، اسی مناسبت سے مولانا نے اپنے بیان میں طلبہ کے جذبۂ مسابقت کو خوب ابھارا، اس ضمن میں بہترین قرآنی مثال بھی پیش کی کہ ہمارے جد امجد حضرت آدم علیہ السلام بھی مسابقے میں اتارے گئے اور آسمانوں میں پہلا مسابقہ ملائکہ اور آدم علیہ السلام کے درمیان ہوا، مسابقہ اللہ پاک نے منعقد فرمایا، اللہ پاک نے فرشتوں سے چیزوں کے نام بتانے کو کہا، وہ نہ بتاسکے، آدم علیہ السلام نے بتلا دیا اور سب پر فائق ہوگئے، تخلیق آدمؑ پر معترض فرشتے، آدمؑ کی علمی صلاحیتوں کے معترف ہو کر بحکمِ الٰہی ان کے آگے سر بسجود ہو گئے۔ ہم أبناء آدم ہیں اور علمِ آدم کے وارث و امین ہیں، ہمیں بھی تمام مسابقات میں حصہ لینا اور جم کر مقابلہ کرنا ہے۔ اگر ہم امتیازی درجات نہ بھی پاسکیں تب بھی ہماری جدوجہد اور مسابقتی محنتوں کے متعلق یہ کہا جاسکے کہ 
مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا 
      یہ باتیں سن کر طلبہ جوش و جذبات سے معمور نظر آئے۔ آخر میں جسمانی صحت اور کھیل کود کی طرف بھی متوجہ کیا، مختلف کھیلوں کی ترغیب دی اور عصر بعد لازمی طور پر ورزشی کھیلوں میں لگنے کی تاکید کی، "العقل السلیم فی الجسم السلیم" کا اصول بتایا کہ توانا جسم میں؛ توانا دماغ ہوتا، دماغی کاموں کے لئے جسمانی صحت مندی بےحد ضروری ہے۔
آپ ہی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔

از : شعبہ نشرواشاعت 
جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں 

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

جامعہ ابوالحسن علی ندوی مالیگاؤں میں ثقافتی پروگرام بعنوان علم اور اہل علم کا مقام

جامعہ ابو الحسن مالیگاؤں میں سہ روزہ تربیتی اور تعارفی نشست

جامعہ ابو الحسن میں بزم خطابت کا تیسرا پروگرام بعنوان "اسلامی عبادتیں اور تہذیب نفس"