جامعہ ابو الحسن علی ندوی مالیگاؤں میں مجلسِ تکمیلِ حفظِ قرآن اور علی گڑھ سے پروفیسر عبد المنان صاحب کی آمد

       مؤرخہ 22 اکتوبر 2025 مطابق 29 ربیع الثانی 1447 ہجری بروز بدھ صبح 11 بجے جامعہ ابوالحسن علی ندوی میں تکمیل حفظ قرآن کی مجلس منعقد ہوئی۔ جامعہ کے شعبۂ حفظ کے استاذ حافظ محمد اطہر ملی صاحب کے دو شاگردوں:
1) حافظ سہیل خان امجد خان
2) حافظ محمد عبداللہ شکیل احمد
 نے تین سالوں میں حفظ قرآن کی تکمیل کی۔
     یہ بڑی سعادت کی بات ہے کہ جامعہ اپنے شعبہ عالمیت میں مؤثر خدمات پیش کرتے ہوئے شعبہ حفظ میں بھی اچھی پیش رفت کر رہا ہے، یوں علوم دینیہ کی نشر و اشاعت کے ساتھ حفاظتِ قرآن کا فریضہ بھی انجام دے رہا ہے۔
       اس تقریب میں تمام طلبہ و اساتذۂ جامعہ اور زمرۂ حفاظ میں شامل ہونے والے طلبہ کے سرپرست اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔ اس بابرکت اور عظیم الشان مجلس میں مہتمم جامعہ حضرت مولانا جمال عارف ندوی صاحب دامت برکاتہم نے حفظ قرآن کی تکمیل کرنے والے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے حفظ قرآن کی فضیلت، قرآن پاک کے حقوق اور حفظ قرآن کو باقی رکھنے کی تدابیر کو تفصیل سے بیان فرمایا۔

        اس پروگرام میں علی گڑھ سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طبیہ کالج کے ریٹائرڈ ڈین پروفیسر عبدالمنان صاحب، منصورہ کالج مالیگاؤں کے پرنسپل پروفیسر عقیل احمد صاحب اور پروفیسر راغب ندیم صاحب نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت فرمائی۔ پروفیسر عبد المنان صاحب علی گڑھ سے تبلیغی جماعت کے سلسلہ میں مالیگاؤں تشریف لائے اور اسی سلسلے میں جامعہ ابوالحسن ان کی آمد ہوئی، مہتمم صاحب نے ان کا استقبال کرتے ہوئے تفصیلی تعارف کروایا اور آخر میں پروفیسر عبدالمنان صاحب نے طلبہ جامعہ سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں مفکر اسلام حضرت مولانا ابوالحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ سے اپنے 30 سالہ ربط و تعلق کو بیان فرمایا نیز حضرت مولانا کی کتاب "پاجا سراغ زندگی" کے حوالہ سے متعدد نصیحتیں مؤثر انداز میں بیان فرمائیں خصوصا "اخلاص اور اختصاص" پیدا کرنے پر بہت زور دیا۔ مختلف مثالوں سے اس کی افادیت کو سمجھایا۔

        ساڑھے بارہ بجے کے قریب یہ مجلس حضرت پروفیسر صاحب کی دعا پر اختتام کو پہنچی۔ اس پروگرام کی نظامت مولانا محمد قاسم ندوی استاذ جامعہ ابوالحسن نے اپنے بہترین انداز میں فرمائی۔

شعبہ نشرو اشاعت
جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

جامعہ ابوالحسن مالیگاؤں میں تعزیتی نشست

جامعہ ابو الحسن (مالیگاؤں) میں سہ روزہ تربیتی نشست

*جمعیۃ الاصلاح کا چوتھا شاندار ثقافتی پروگرام*